میری خواہش ہے کہ پاکستان سے بھی عالمی معیار کے ریسلر پیدا ہوں جو دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کریں، رضا قالب

اسلام آبا د( عرفان الحق)پانچ مرتبہ عالمی اور بارہ مرتبہ یورپی چمپیئن رہنے والےسابق ترک کلاسیکی ریسلر رضا قالب نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان سے بھی عالمی معیار کے ریسلر پیدا ہوں جو دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کریں، پاکستانی نوجوانوں کی تربیت کرنا اپنے لئے اعزاز سمجھوں گا، پاکستان میں نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد ہے، حکومت پاکستان جوائنٹ ایڈونچر کیلئے سہولیات فراہم کرے توچند برس بعد پاکستانی نوجوان بھی نہ صرف ایشیئن بلکہ عالمی چمپیئن بننے کے قابل ہو جائینگے،ریسلنگ ایک خطرناک کھیل ہے،ریسلر کیساتھ مذاق میں بھی کسی کی جان جا سکتی ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہاراسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانے کے مذہبی امور کے قونصلر ڈاکٹر عبدالرحمان آقاکوش اور ڈپٹی قونصلر اور ترجمان ڈاکٹر عالم خان کے ہمراہ نیشنل پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں صحاٖفیوں سے بات چیت میں کیا.

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ کی دیہاتی علاقے میں پیدا ہونے کے باعث انکے لئے کھیلوں کے مواقع بہت کم تھے تاہم انکے والدین نےانکا شوق دیتے ہوئے انہیں بہترین سہولیات فراہم کیں جس کی وجہ سے وہ نہ صرف بارہ مرتبہ یورپیئن چمپیئن بنے بلکہ انہوں نے پانچ مرتبہ عالمی چمپیئن کا اعزاز بھی حاصل کیا، انہوں نے کہا کہ دیانت کیساتھ کام کرنے میںبہت خوشی محسوس کرتا ہوں، پاکستان میں پہلی مرتبہ آیا ہوں اور یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے، اس موقع پر کیہ کے سفارتخانے کے مذہبی امور کے قونصلر ڈاکٹر عبدالرحمان آقاکوش کا کہنا تھا کہ انکافلاحی ادارہ دیانت دنیا بھر میں 81 ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے جن میں غیر مسلم ممالک بھی شامل ہیں،اس عید الاضحیٰ پر دیانت کی طرف سےپاکستان میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور ،کراچی، کوئٹہ ،پشاور، ملتان، حیدر آباداور مانسہرہ سمیت16 شہروں میں 4500 جانورذبح کئے جائیں گے اور انکا گوشت مستحقین میں تقسیم کیا جائیگا، رضا قالب ہمارے نہ صرف سپورٹس کی دنیا کے ہرو ہیں بلکہ یہ دیانت کے ساتھ ملکر فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں .

اس موقع پرصدر این پی سی اظہر جتوئی نے پریس کلب آمد پرمہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ، چاہے وہ سیلاب ہو زلزلہ ہو یا بھارتی جارحیت ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، سیلاب متاثرین کیلئےترکیہ کی طرف سے ڈی جی خان میں طیب اردگان ہسپتال قائم کیا گیا جہاں جدید ترین سہولیات میسر ہیں،کسی بھی ملک کی ترقی کا اندازہ اسکی کھیلوں میں شمولیت سے لگایا جا سکتا ہے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ رضا قالب پاکستانی نوجوانوں کی ریسلنگ میں تربیت کیلے پاکستان میں ایک اکیڈمی بنائیں جہاں وہ اس کھیل کے داؤ پیچ سیکھ سکیں ، قبل ازیں این پی سی کے قائم مقام سیکرٹری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انکا تعارف کرایا، ترکیہ سفارتخانے کےڈپٹی قونصلر اور ترجمان ڈاکٹر عالم خان نے ترجمہ کرنے فرائض سرانجام دیئے.