ایشیا کپ 2025:پاک، بھارت میچ سے قبل کھلاڑیوں اور کرکٹ شائقین پر سخت پابندیاں

اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر )ایشیا کپ 2025 کے ہائی وولٹیج ٹاکرا سے قبل دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کے لئے نئی سکیورٹی ایڈوائزری جاری کی، حکام نے زور دیا ہے کہ تماشائیوں کا رویہ متحدہ عرب امارات کی دنیا بھر میں کھیلوں کی شاندار میزبانی کی شہرت کے عین مطابق ہونا چاہیے۔

کل بھارت اور پاکستان کا ہائی وولٹیج ٹاکرا دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے جا رہا ہے، جس کے پیشِ نظر دبئی پولیس نے شائقین کرکٹ کے لئے نئے قواعد وضوابط وضع کئے ہیں دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف برائے آپریشنز اور ای ایس سی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی نے کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ 2025 کے تمام میچز کی سکیورٹی کے لیے خصوصی پولیس یونٹس بنایا گیا ہے انہوں نے کرکٹ شائقین کو خبرادر کیا کہ کسی بھی قسم کے ہنگامے یا سکیورٹی میں خلل ڈالنے کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی اور شائقین اور اسٹیڈیم دونوں کے تحفظ کے لیے قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

سخت سزائیں اور جرمانے میجر جنرل المزروعی کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بغیر اجازت پچ میں داخل ہونا یا ممنوعہ اشیاء لانا مثلاً آتشبازی اس پر تین ماہ تک قید اور 5,000 درہم سے 30,000 درہم تک جرمانے عائد کیا جاسکتا ہے لڑائی جھگڑا، چیزیں پھینکنے یا نسلی و توہین آمیز زبان استعمال کرنے جیسے جرائم پر 10,000 سے 30,000 درہم جرمانہ اور قید کی سزا دی جا سکتی ہے اسٹیڈیم میں ان اشیاء کے لانے پر مکمل پابندی ہوگی، ان میں آتشبازی، آتش گیر مادہ، لیزر، چھتریاں، بڑے کیمرے، سیلفی اسٹکس، نوکیلی یا زہریلی اشیاء، جھنڈے، بینرز، پالتو جانور، ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز، سائیکل، اسکوٹرز، اسکیٹ بورڈز۔
میجر جنرل المزروعی کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں صرف شائقین ہی نہیں بلکہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور تمام شرکاء کے تحفظ کے لیے لگائی گئی ہیں۔