پاک،بھارت ایشیا کپ فائنل، شائقین کرکٹ پر سخت پابندیاں عائد

دوبئی(سپوٹس رپورٹر ) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار 28 ستمبر کو ہونے والا ایشیا کپ 2025 کا بڑا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ میچ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز ہے، کیونکہ دونوں روایتی حریف ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے،دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کے لئے اہم ہدایات جاری کیں، خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ اور سزائیں ہوسکتی ہیں ایشیا کپ 2025 کا ہائی وولٹیج ٹاکرا ایک مرتبہ پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کل ہونے والا ہے، بھارت اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہے اور آٹھ بار کا فاتح بن چکا ہےجبکہ پاکستان دو مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے۔

دوسری جانب دبئی پولیس نے شائقین کرکٹ کے لئے انتباہ جاری کیا ہے کہ اسٹیڈیم کے قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ میچ پرسکون اور محفوظ ماحول میں کھیلا جا سکے پولیس کے مطابق’ شائقین کو میچ شروع ہونے سے کم از کم تین گھنٹے پہلے اسٹیڈیم پہنچنا ہوگا، ہر ٹکٹ پر صرف ایک بار داخلے کی اجازت ہوگی، دوبارہ انٹری نہیں دی جائے گی تمام شائقین اسٹیورڈز اور سکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں، گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں، اسٹیڈیم میں ممنوعہ اشیاء (جیسے آتش بازی، فلیئرز، خطرناک آلات وغیرہ) لانے کی سخت منع ہے دبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی بدتمیزی یا قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، گراؤنڈ میں بلا اجازت داخلہ یا ممنوعہ اشیاء لانے پر 1 سے 3 ماہ قید اور 5,000 سے 30,000 درہم تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔

تشدد، اشیاء پھینکنے یا نسلی/گالی گلوچ پر مبنی زبان استعمال کرنے پر 10,000 سے 30,000 درہم جرمانہ اور قید کی سزا ہوگی، ایشیا کپ کے تمام میچز میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔