آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ؛ جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کی بھارت کو شکست

وشاکھاپٹنم(ویب ڈیسک ) وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے 10ویں میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے بھارت ویمنز کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دیا ، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 251 رنز بنائے، رچا گھوش نے شاندار 94 رنزکی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے ، پرتیکا راول نے 37 اور سنیہ رانا نے 33 رنزکی مفید اننگز کھیلیں، بھارتی بیٹنگ لائن اگرچہ ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی مگر رچا گھوش نے اننگزکو سہارا دیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کلوئی ٹرایون نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مارزانے کَیپ اور ملابا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے ہدف 48.5 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کپتان لارا وولوارڈٹ نے 70 رنز کی شانداراننگز کھیلی جبکہ ڈی کلرک نے صرف 54 گیندوں پر 84 ناقابلِ شکست رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے ،ٹرایون نے 49 رنزکی اہم اننگز کھیل کرڈی کلرک کا بھرپور ساتھ دیا، بھارت کی جانب سے سنیہ رانا اور کرانتی گاؤد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔