سنوکر کی دُنیا کے نامور کھلاڑی رونی او سولوین نے ساتویں بار پروفیشنل اسنوکر کا ٹائٹل جیت لیا، اُنہوں نے بیسٹ آف 35 کے فائنل میں جیوڈ ٹرمپ کو اٹھارہ، تیرہ کے فریم اسکور سے مات دی۔
ورلڈ پروفیشنل اسنوکر کا فائنل پنتیس فریمز اور دو روز پر مشتمل تھا، پیر کو دوسرے روز دوپہر کے سیشن میں رونی کے حریف جیو ڈ ٹرمپ نے آٹھ میں سے چھ فریم جیت کر کم بیک کیا اور اسکور 14، 11 تک پہنچادیا، لیکن تجربہ کاررونی نے شام کے اوقات میں کھیلے جانے والے سیشن میں چھ میں سے چار فریمز جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
رونی نے ساتویں مرتبہ ورلڈ پروفیشنل اسنوکر کا ٹائٹل جیت کر اسٹیفن ہینری کا اتنی ہی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے کا بھی ریکارڈ برابر کردیا جبکہ رونی ورلڈ ٹائٹل جیتنے والے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی بن گئے۔
اُنہوں نے 46 سال کی عمر میں یہ ٹرافی اپنے نام کی، اس سے پہلے 1978میں رے ریئرڈن نے 45 برس کی عمر میں ٹائٹل جیتا تھا۔