راولپنڈی(سی این پی)مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نواز شریف، صدر محمد شہباز شریف، صوبائی صدر رانا ثناءاللہ خان اور الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار کی ہدایات پر ملک ابرار کی سربراہی میں راولپنڈی کی ڈویژنل کمیٹی ایم این اے اور ایم پی اے ٹکٹ کے لئے 179 درخواست گزاروں کے انٹرویوز آج(پیر) سے شروع ہوگئے،راولپنڈی ڈویژن کی قومی اسمبلی کی 13 اور صوبائی اسمبلی کی 26 نشستوں کے لئے انٹرویوز کا سلسلہ 29 نومبر تک جاری رہے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک ابرار احمد کے مطابق پارٹی قیادت کی ہدایات پر ڈویڑنل کمیٹی کے صدر پرویز رشید، بطور ڈویڑنل صدر میں خود،ڈویڑنل سیکرٹری جنرل سہیل لال، سابق ایم این اے طاہرہ اورنگزیب،ڈویڑنل کوآرڈینیٹر، ضلعی صدور اور سیکرٹری جنرلزکے ہمراہ راولپنڈی ڈویڑن کے ایم این ایز اور این پی ایز کے لئے ٹکٹ لینے کے خواہشمند درخواست گزاروں سے انٹرویوز کا سلسلہ آج (پیر) سے شروع کرینگے۔
ڈویژنل کمیٹی آج پیر کو اٹک ضلع کے کوآرڈینیٹر مصدق ملک، ضلعی صدراور جنرل سیکرٹری کے ہمراہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ کے لئے درخواست دینے والے امیدواروں کے انٹرویوز کرے گی۔ڈویژنل کمیٹی منگل کی صبح 11 بجے ضلعی کوآرڈینیٹر چکوال شیخ آفتاب،چکوال کے ضلعی صدر اور سیکرٹری جنرل کے ہمراہ چکوال ضلع جبکہ سہ پہر3 بجے جہلم ضلع کی کوآرڈینیٹر صبا صادق، ضلعی صدر اور سیکرٹری جنرل کےہمراہ چکوال کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ کے لئے درخواست گزاروں کا انٹرویوز کریگی۔
ڈویژنل کمیٹی، راولپنڈی ضلع کے کوآرڈینیٹر عطاءتارڑ، ضلعی صدراور سیکرٹری جنرل کے ہمراہ 28 اور 29 نومبر کو راولپنڈی شہر اور کینٹ کی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ کے لئے درخواست گزاروں کا انٹرویوز کریگی۔
ڈویژنل صدر مسلم لیگ ن راولپنڈی ملک ابرار احمد کے مطابق یہ کمیٹی تمام درخواست گزاروں کے انٹرویوز کرکے سفارشات پارٹی قیادت کو بھجوائے گی جس کی روشنی میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے لئے موزوں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔انٹرویوز راولپنڈی میں سابق ایم این اے طاہرہ اورنگزیب کی رہائش گاہ سیٹلائٹ ٹاو¿ن راولپنڈی میں لئے جائیں گے۔