ایف بی آر کی جانب سے مقرر کردہ مانیٹرنگ ٹیموں کا ٹریک اینڈ ٹریس کے نظام کو یقینی بنانے اور شوگر مل مافیا کی جانب سے چینی کی مارکیٹ میں غیر قانونی فروخت کو روکنے کے لئیے کارروائیوں کا سلسلہ ملک گیر سطح پر شدومد سے جاری ہے۔
رواں ہفتے شہزاد محمود گوندل، ایڈیشنل کمشنر اور محمد احسن طاھر، ڈپٹی کمشنر پر مشتمل ایف بی آر کی ٹیم نے راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں مختلف شوگر ملز کا اچانک دورہ کیا۔ دورہ کا مقصدشوگر ملوں میں پہلے سے تعینات اپنی ٹیموں کی کارکردگی کا معائنہ کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ ملوں میں چینی اور دیگر قابل ٹیکس اشیاء کے اسٹاک اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کرنا تھا۔ مل مالکان اور مینجمنٹ سے ملاقات کے دوران ایف بی آر کے افسران نے واضح پیغام دیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے بغیر چینی کی بوریاں ملوں کے احاطے سے باہر نکالنے کی صورت میں شوگر ملوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایف بی آر نے حال ہی میں ٹریک اینڈ ٹریس کے اسٹامپ کے بغیر چینی کی مارکیٹ میں فروخت کے منظر عام پر آنے کے بعد ویجیلینس کے عمل کو تیز کرتے ہوئے سیلز ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 40B کے تحت نئی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ٹیمیں 24 گھنٹے شوگر ملوں میں موجود رہیں گی اور کرشنگ سیزن کے اختتام تک روزانہ کی بنیاد پر ملوں میں چینی کی پیداوار، اسٹاک اور فروخت کا مکمل ریکارڈ مرتب کریں گی۔