اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیصل واؤڈا کی الیکشن کمیشن کی کارروائی رکوانےکیلئے دائر انٹراکورٹ اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو 60 روز مین فیصلہ کرنے کا سنگل بنچ فیصلہ برقرار رکھنے کاحکم دےدیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران فیصل واؤڈا کے وکیل حسنین علی چوہان عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ بیان حلفی سپریم کورٹ کے احکامات کے نتیجے میں دیا گیا تھا،الیکشن کمیشن میں کیا پروسیڈنگز چل رہی ہیں جو آپ رکوانا چاہتے ہیں؟جس پر وکیل نے کہاکہ سینیٹ میں فیصل واؤڈا کے مدمقابل امیدوار نے بیان حلفی کی بنیاد پر نااہلی کی درخواست دے رکھی ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ اگر آپ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کراتے ہیں تو بیان حلفی جمع کراتے ہیں، اگر گزشتہ الیکشن میں جمع کرایا گیا بیان حلفی بھی جھوٹا ہو تو وہ امیدوار الیکشن لڑنے کا اہل نہیں، فیصل واؤڈا نے جو بیان حلفی دیا تھا کیا وہ درست تھا؟،جس پر وکیل نے کہاکہ جی، بیان حلفی درست تھا، ہم نے الیکشن کمیشن میں بھی لکھ کر دے رکھا ہے، جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ پھر آپ کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے، بیان حلفی کی probe مکمل ہونے دیں،ادھر بھی آپ نے ڈیڑھ سال جواب جمع نہیں کرایا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن کو ہدایات جاری کر دیتے ہیں کہ اس معاملے کو ایک ماہ میں نمٹائے،دلائل سننے کے بعد عدالت نے انٹراکورٹ اپیل مسترد کرنے کاحکم سنادیا۔