اسلام آباد (کرائم رپورٹر) پولیس نے گھروں میں داخل ہو کر اسلحہ کی نوک پر شہریوں کو لوٹنے والے منظم افغانی گروہ کے دو ارکان کو قلیل وقت میں گرفتارکر لیا، ملزمان کے قبضے سے لوٹا گیاسونا، آرٹفیشل جیولری، گھڑیاں کل مالیتی ساڑے تین کروڑ روپے سے زائد اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بر آمد کر لیا گیاہے۔دوسری جانب پولیس کی موثر تفتیش کے باعث ڈکیتی کے دوران قتل کے مجرمان کو عدالت نے عمر قید اور موت کی سزا سنا دی ہے ،تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی رضا نے “ریسکیو”15-فیلڈ آفس میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ نامعلوم ملزمان نے گھر میں داخل ہوکر اسلحہ کی زور پرطلائی زیورات، نقدی، گھڑیاں، آرٹفیشل جیولری و دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے، اس سنگین نو عیت کے وقوعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لئے ایس ایس پی آپریشنز /انوسٹی گیشن محمد ارسلان شاہزیب کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئیں، پولیس ٹیم نے اس سنگین نوعیت کے وقوعہ میں ملوث افغانی گروہ کے دو ارکان کو انسانی وسائل اور تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں گرفتار کرلیا.
ملزمان کی شناخت سلام خان اور فیصل خان کے ناموں سے ہوئی، گرفتار ملزمان کے قبضہ سے لوٹا گیا مال مسروقہ،طلائی زیورات، گھڑیاں، آرٹفیشل جیولری کل مالیتی ساڑے تین کروڑ روپے سے زائد اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ معہ ایمو یشن برآمد کر لیا۔ ڈی آئی جی اسلام آ با د سید علی رضا نے قلیل وقت میں ملزمان کی گرفتار ی اور مال مسروقہ کی برآمدگی پر پولیس ٹیم کو شاباش اور نقد انعام دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے اسلام آ باد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے،جبکہ اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے جسے مزید بہتر کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی موثر تفتیش کے باعث راہزنی کے دوران قتل کے مجرمان کو معزز عدالت سے سزائیں ہوئی ہیں۔مجرم رضوان گو ہر کو قتل کے جرم میں سزائے موت اور06 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ مجرم کمال احمد کو عمر قید اور 05 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی گئی ہے۔مجرما ن نے راہزنی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے شہری وسیم اکرم کو قتل کر دیا تھا،واقعہ کا مقدمہ جنوری 2024 تھانہ سنبل میں درج کیا گیا تھا،مقتول کی والدہ نے پریس کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے اسلام پولیس کی موثر تفتیش کی وجہ سے بیٹے کے قاتلوں کو سزا دلوانے اور پولیس ٹیموں کے بھرپور تعاون پر اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا .