اسلام آبا د (کرائم رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کراچی زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق رواں سال کے دوران کراچی زون نے غیر قانونی کرنسی لین دین اور حوالہ ہنڈی میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف 44 چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 63 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کی کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان سے 3 لاکھ 38 ہزار سے زائد امریکی ڈالر، 1 کروڑ 94 لاکھ روپے مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی اور 15 کروڑ 53 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔ گرفتار افراد بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے۔
ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی، جبکہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملوث نیٹ ورکس کی مکمل بیخ کنی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف 44 مقدمات درج کیے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد ملک کی معیشت کو غیر قانونی مالی سرگرمیوں سے پاک کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔
ایف آئی اے کا مؤقف ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے کرنسی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔