‘پی ڈی ایم کا یوم پاکستان پر مہنگائی مارچ کا فیصلہ غلط، تاریخ 15 دن آگے پیچھے کرلے’

اسلام آباد: (سی این پی) شیخ رشید نے چار ماہ پہلے لانگ مارچ کی کال پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا یوم پاکستان پر مہنگائی مارچ کا فیصلہ غلط ہے، تاریخ 15 دن آگے پیچھے کرلے، 23 مارچ سے پہلے اسلام آباد کے راستے بند کر دیئے جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے یوم پاکستان پر لانگ مارچ کی کال دی، یہ قومی مسئلہ ہے، اپوزیشن کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہوں، اسلام آباد کے بعض راستے پریڈ سے پہلے بند کر دیئے جاتے ہیں، اپوزیشن نے لانگ مارچ کیلئے غلط تاریخ متعین کی ہے، اپوزیشن لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ این اے 133 میں شائستہ پرویز نے صرف 10 فیصد ووٹ لیے، مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں، ان کے مقاصد اور ہیں، فضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں وہ تو گلوکاری کے ماہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، واقعہ پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے کی سازش ہے، سری لنکن سفارتخانے کو سخت ایکشن کی یقین دہانی کرائی ہے۔