اسلام آباد۔:(سی این پی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کی بنیاد پرایک صحت مند اور ترقی یافتہ قوم بنتی ہے، صیح فیصلہ سازی اور اپنی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم دنیا میں جلد اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں، کم آبادی والے صوبوں کے لئے زیادہ فنڈز کی فراہمی سے متعلق لائحہ عمل اختیار کیا جانا چاہئے، خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پیغام ہر گھر تک پہنچا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی (نسٹ) میں آبادی کے موضوع پر سالانہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید محمود بخاری، اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر بختیار قادروف، پاپولیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر غلام محمد عارف، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہوں، اساتذہ اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پیغام ہر گھر تک پہنچا چاہئے، موجودہ دور کا تقاضا ہے کہ فیصلے تیزی سے کئے جائیں، کم آبادی والے صوبوں کے لئے زیادہ فنڈز کی فراہمی سے متعلق لائحہ عمل اختیار کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک بڑا چیلنج ہے، ملک کو گزشتہ 30 سے 50 سال سے اس چلینج کا سامنا ہے، بنگلہ دیش اور ایران جیسے اسلامی ممالک آبادی میں آبادی میں اضافہ کے مسئلہ سے نمٹنے میں کامیاب ہوئے، ہمیں ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام تک اس کے متعلق اپنا پیغام پہنچانا چاہئے، علماءکرام بھی اس بارے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا بحران کے دو برس کے دوران میڈیا نے ہماری بڑی مدد کی، آبادی میں اضافہ سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں پیغام گھر گھر جانا چاہئے، پاکستان آئندہ دو سال تک مانع حمل مصنوعات کی مینوفیکچرنگ شروع کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت ہر گھر کو اثرانداز کرتی ہے، خاندان کے اندر توازن پیدا کریں، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور مڈوائف بڑھتی ہوئی آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں ہر گھر میں پیغام پہنچاسکتی ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملکی برآمدات کا بڑھنا خوش آئند ہے، ہم پرانا بوجھ اٹھا کر چل رہے ہیں، اس بات پر پورا یقین ہے کہ کہ صیح فیصلہ کرنے کی صورت میں پاکستان 5 سے 10 سال میں دنیا میں منفرد مقام حاصل کرے گا۔ صدر مملکت نے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کوتعلیم، بہتر مواقع اور ہنرمند بناکر معاشرے میں بااختیار بنایا جاسکتا ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے)کے نمائندہ ڈاکٹر بختیار قادروف نے کہا کہ سماجی اور اقتصادی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے بڑھتی ہوئی آبادی میں اضافہ کو روکنا ناگزیر ہے، یو این ایف پی اے نے اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے ساتھ ماضی میں بھرپور تعاون کیا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی آئندہ بھی معاونت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کے نتیجے میں ماں اور بچے کی بہتر صحت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں پاپولیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر غلام محمد عارف نے اپنے خطاب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کانفرنس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان کی آبادی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافہ کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔