آر ایس ایس کے ہوتے ہوئے بھارت کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (سی این پی) وزیراعظم نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کے ہوتے ہوئے بھارت کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں، پاکستان کو عالمی امور سے متعلق تھنک ٹینک کی اشد ضرورت ہے، دنیا کے بجائے ہمیں اپنے آپ کو ڈیفائن کرنا ہے۔ اسلام آباد میں ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا کے موضوع پر کانفرنس سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد اسلام اور پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیا گیا، باہر بیٹھ کر ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایک طبقہ سمجھتا ہے کہ جو مغرب سے آتا ہے وہ سب ٹھیک ہے، باہر بیٹھ کر کہا جاتا ہے کہ پاکستان بہت خطرناک ملک ہے، باہر کے لوگوں کو ہماری تاریخ اور ثقافت کا پتہ نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری کوشش کریں گے بھارت سے مسئلہ کشمیر پر بات کریں، ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل ہوں، بدقسمتی سے ہمارا مقابلہ آر ایس ایس کے نظریہ سے ہے، بھارت میں آر ایس ایس کا نظریہ پائیدار نہیں ہے، بھارت میں 50 سے 60 کروڑ افراد کو دوسرے درجے کا شہری کا کہا جا رہا ہے، آر ایس ایس کے ہوتے ہوئے بھارت کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں۔