توانائی کی پیداوار میں بہتر کارکردگی کی حامل، ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

کراچی:(سی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ توانائی کی پیداوار میں بہتر کارکردگی کی حامل، موثر اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ٹربائن سروسینگ کی ایک نئی سروس انڈسٹری وجود پذیر ہو رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ ٹربائن کی سروس انڈسٹری کے پاکستان میں آنے سے بجلی کی نہ صرف پیداوری صلاحیت بڑھے گی بلکہ ٹربائن بھی موثر انداز میں بجلی پیدا کریں گے اور ایندھن کی کھپت میں بھی کمی آۓ گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے کراچی میں ایک نجی ٹربائن سروسنگ کمپنی کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ٹربائن کی سروس انڈسٹری کا قیام خوش آئند ہے، اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ دِیگر ممالک کو بھی سروسنگ کی سہولت میسر آۓ گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں بجلی کے بحران کے دوران بجلی کی قلت پوری کرنے کیلئے جلدی میں معاہدے کئے گئے۔ منصوبہ بندی کے بغیر کیے گئے معاہدوں سے پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا اور پاکستان کو بجلی کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔ پاکستان جیسے ممالک منصوبہ بندی کے بغیر کئے گئے فیصلوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مُختلف شعبوں میں معاشی حب بننے کا خواہشمند ہے اور اپنی نوجوان آبادی کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبے میں بتدریج استعمال میں لارہا ہے۔ دُنیا میں ڈیٹا کی مقدار میں اضافہ ہورہاہے اِس ڈیٹا سے فائدہ اٹھانے کیلیئے ہنرمند افرادی قوت اور اِنسانی وسائل بہت ضروری ہیں۔ عوام کو تعلیم کی فراہمی کے بغیر ملک میں انڈسٹری بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں جدت اور ترقی ناممکن ہوگی۔ حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی کی طرف توجہ مرکوز کئے ہوۓ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اِنسانی سرگرمیوں کا ماحول پر گہرا اثر پڑا اور عالمی فٹ پرنٹ نے زمین کے ماحول پر شدید اثرات مرتب ہوئے۔ پاکستان سے کئی گنا چھوٹا ملک نیدر لینڈ زرعی پیداوار کے لحاظ سے دُنیا کے چند بڑے ممالک میں شامل ہے۔ بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے زرعی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے اور پاکستان اِس سلسلے میں نیدر لینڈ سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔تقریب سے ٹربائین بنانے والی کمپنی کے چیئرمین ایلیکس پیلن، ایم ڈی ہمایون زبیر، کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی اور دیگر نے خطاب کیا اور ملک میں سروس انڈسٹری کی اہمیت پر روشنی ڈالے۔ اس موقع پر ٹربائین بنانے والی غیر ملکی کمپنی کے آپریشن اور اہمیت پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔