بلدیاتی انتخابات میں شکست: وزیر اعظم کی طلبی پر وزیراعلیٰ محمود خان اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: (سی این پی) خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم کی طلبی پر وزیراعلیٰ محمود خان اسلام آباد پہنچ گئے، الیکشن ہارنے پر عمران خان کو بریفنگ دیں گے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر وزیراعظم کو بریف کریں گے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن میں کہاں کہاں اور کیوں شکست ہوئی، رپورٹ دیں گے۔ وزراء کے حلقوں میں شکست کی جوہات پر غور ہوگا۔ انتخابات میں ساتھ نہ دینے والے ارکان پارلیمنٹ اور سینیئر رہنماؤں کی نشاندہی کی جائے گی۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم اگلے مرحلے کی حکمت عملی کے لیے گائیڈ لائنز دیں گے۔ادھر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ براہ راست منتخب تحصیل ناظم گورننس کو بہتر بنائیں گے، ایسے نظام سے مستقبل کے لیڈرز تیار ہوں گے، خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن پر شور شرابہ کیا جا رہا ہے، کسی کو احساس نہیں کہ یہ انتخابات جدید اور تبدیل شدہ نظام کی شروعات ہیں، ایسا نظام کامیاب جمہوریت میں ہوتا ہے، 74 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہمارے پاس با اختیار بلدیاتی نظام ہے۔