عمران نیازی کی حکومت کادھڑن تختہ ہونیوالاہے: شہباز شریف

لاہور: (سی این پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے ساڑھے تین سال میں ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، حکومت کادھڑن تختہ ہونیوالاہے۔ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے والد خواجہ رفیق کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دھاندلی کی پیداوار حکومت کے خلاف لنگوٹے کسنے اور اس کا خاتمہ کرنے کا وقت آ گیا۔ اب وقت آگیاکہ پی ٹی آئی حکومت کا گریبان ہو اور ہمارا ہاتھ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی حکومت کادھڑن تختہ ہونیوالاہے۔ آج عمران خان صاحب ہمارے نالج پارک پرتختی لگانے لاہور آ گئے۔ آپ کو تختیاں لگانے کا اتنا شوق تھا توہمیں بتاتے ہم آپ کو تختیاں لگانے پر مامور کر دیتے۔ موجودہ حکومت نے ساڑھے 3 سال میں تختیوں پرتختیاں لگائیں۔ ن لیگ کی حکومت نے لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین بنائی۔ پی ٹی آئی حکومت نے پشاور میں بی آرٹی بنائی جو چلتی، آگ لگتی تھی پھر رکتی تھی، کنٹینر پر کھڑا ہو کر وہ شخص کہتا تھا میں پشاور میں یونیورسٹیاں بناؤں گا۔ لاہورکی میٹرو بس کو ایک شخص جنگلا بس کہتا نہیں تھکتا تھا، آج لاکھوں لوگ بیروزگارہو چکے، 50 لاکھ گھر تو دور کی بات حکومت نے ایک مرلے گھر کی ایک اینٹ نہیں رکھی۔ ساڑھے3سالوں میں ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا۔سابق چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی اور گورنر پنجاب چودھری سرور بھی کہہ رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہو چکا ہے۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کراچی میں گیس سٹیشن لگائے، سستی گیس کے معاہدے کیے مگر آج گیس دستیاب نہیں، حکومت نےاتنی مہنگی گیس خریدی ہے کہ بڑے بڑے سکینڈل ہو گئے، حکومت کےاتنےاسکینڈل ہونےکےباجودآج کہاں ہےنیب؟ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاست نام ہے اصل میں عوامی خدمت اور لوگوں کے دکھ اور درد بانٹنے کا، جلدبازی میں کہہ دیاکہ 6ماہ میں اندھیرے دورنہ کیے تو میرانام بدل دینا۔ میں ہمیشہ جلدبازی میں فقرے کس دیتا ہوں جسے بعد میں طنز بنایا جاتا ہے۔