لیگی قائد کی کرپشن نیب میں ثابت ہوچکی ہے،سیاسی باب بند ہو چکا، نواز شریف کو واپس ملک لایا جائے: فواد چودھری

لاہور: (سی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا باب اب بند ہوچکا ہے۔ ہم تو حق میں ہیں انہیں واپس لایا جائے۔سابق وزراعظم میاں نواز شریف کی نااہلی ختم کرنے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں کہ سوال پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لیگی قائد کی کرپشن نیب لا میں ثابت ہوچکی ہے، سیاسی بونے اپنا قد بڑھانے کے لیے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد ڈبل نااہل ہیں، ایک سپریم کورٹ سے جبکہ دوسری جانب سے وہ نیب لاء میں بھی نا اہل ہیں، ملکی تاریخ میں نوازشریف کا باب اب بند ہوچکا ہے۔ وہ برطانیہ میں چھپ کر بیٹھے ہوئے ہیں، ہم توحق میں ہیں ان کوواپس لایا جائے، عدالت کوچاہیے تھا شہبازشریف نے گارنٹی دی تھی تو اب مسلم لیگ ن کے صدر سے پوچھا جائے۔ اداروں کو بدنام نہیں کرنا چاہیے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، پارٹی میں سب کی رائے کو سنا جاتا ہے، اپوزیشن اکثریت ہونے کے باوجود صادق سنجرانی کوہٹانے کے قابل نہیں تو اس سے اندازہ لگا لیں انہوں نے کیا کرنا ہے، جوڈیشل سسٹم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں لوگوں کا جوڈیشل سسٹم پر اعتماد بڑھنا چاہیے، چیف جسٹس،جج صاحبان کے سوچنے کا کام ہے۔