پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس: اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ فریقین کو دینے کی ہدایت

اسلام آباد: (سی این پی) پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ فریقین کو دینے کی ہدایت کر دی۔الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ دیگر جماعتوں کی اسکروٹنی بھی چل رہی ہے، باقی پارٹیوں کی رپورٹ آ جائے تو ایک ساتھ ہی کیس سنا جائے۔ وکیل اکبر ایس بابر نے کہا کہ پہلے دن سے کہتے ہیں کہ رپورٹ پبلک کی جائے، اسکروٹنی کمیٹی کی بہت سی معلومات سے لاعلم ہیں۔ ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ کسی کو کیسے روکیں گے کہ رپورٹ پبلک نہ کی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پی ٹی آئی وکیل نے استدعا کی کہ دونوں فریقین کے جواب آنے تک رپورٹ خفیہ رکھی جائے۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا ہم کسی فریق کو رپورٹ پبلک کرنے سے روک سکتے ہیں ؟ الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ فریقین کو دینے کی ہدایت کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کیس کی سماعت 15 روز کیلئے ملتوی کر دی۔ بعدازں وفاقی وزیر اسد عمر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس کو شفاف اور غیر جانبدار طریقے سے چلایا جائے، کیس کے ملک کی سیاست پر مثبت اثرات ہوسکتے ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کیلئے بھی اسکروٹنی کمیٹیاں بن چکی ہیں، دونوں کی اسکروٹنی کمیٹیوں سے رپورٹ طلب کی جائے، سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ پر بڑے بڑے لیڈرز نے الزامات لگائے، بینظیر بھٹو نے بھی یہی الزامات لگائے تھے، عمران خان شفاف طریقے سے شوکت خانم کیلئے پیسہ اکٹھا کرتے رہے، الیکشن کمیشن کیساتھ تعاون کیا اور آگے بھی کرنے کو تیار ہیں۔