پاکستان تحریک انصاف نے لاہور ریلی ملتوی کردی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج لاہور میں ہونے والی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان کی ابھی عمران خان کے ساتھ بات ہوئی ہے،  پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی کردی ہے۔

حماد اظہرکا کہنا تھا کہ ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے، ہم پرامن انتخابات اور پرامن انتقال اقتدار  چاہتے ہیں،  ارباب  اختیار شہر کے راستےکھول دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دیوار سے لگایا گیا لیکن ہم نے آئین اور قانون کا راستہ نہیں چھوڑا۔خیال رہےکہ آج پی ٹی آئی نے لاہور میں ریلی نکالنےکا اعلان کیا تھا جس کی قیادت عمران خان نے کرنا تھی۔

عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا تھا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا  تھا کہ پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانےکی آزادی ہے، ہم نے آج کے لیے ریلیاں اور سیاسی سرگرمیاں محدود کردی ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور میں پی ایس ایل کرکٹ میچ، ٹیم کی نقل و حرکت اور میراتھن ہے، اس حوالے سے تمام منصوبہ بندی کی گئی تھی اور بہت پہلے اعلان کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں