آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے، دہشت گردوں اور ان کے معاونین کی باقیات کو ہر قیمت پر ختم کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی گئی، کور کمانڈرز کانفرنس میں بلوچستان میں حالیہ واقعات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے، مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کردیں گے، دہشت گردوں کی واپسی کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا نے ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دیں، دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لیےفارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔