آج میں اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے،وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو مراعات دے رہے ہیں اور اگلے چند سالوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی 50ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں قومی ای تجارت پورٹل کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے حکومت میں آنے کے بعد جو جملہ سب سے زیادہ استعمال کیا وہ تھا ‘گھبرانا نہیں ہے’۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو حالات بہت برے اور ملک دیوالیہ ہو چکا تھا لہٰذا مجھے اپنی کابینہ کو کہنا پڑتا تھا کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے اور آج میں اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا مستقبل بہت تیزی سے ڈیجیٹیلائزیشن کی طرف جا رہا ہے اور ٹیکنالوجی کا انقلاب ہمارے ملک اور نوجوانوں کو ہرگز نہیں مس کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو مراعات دے رہے ہیں اور آپ کے سامنے جتنی بھی رکاوٹیں ہیں ان کو ہٹاتے جائیں گے تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو سہولیات فراہم کر سکیں اور وہ ٹیکنالوجی کے انقلاب کا پورا فائدہ اٹھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ رجسٹرڈ فی لانسرز کے لیے ہم نے ٹیکس صفر کردیا ہے، بیرون ملک سرمایہ کاری کے بھی ثمرات سامنے آ رہے ہیں اور آئی ٹی ایکسپورٹس بڑھ رہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ بل گیٹس نے میری دعوت پر پاکستان آئے تھے، انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم پر بے تحاشا پیسہ خرچ کیا اور گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں پولیو میں کا ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا تو میں نے انہیں پھر دورہ پاکستان دعوت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری دلچسپی یہ تھی کہ ہم اس کو پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حصہ بن جائے، میں ابھی تو اعلان نہیں کروں گا لیکن آنے والے دنوں میں خوشخبری دوں گا۔