وزیراعظم دورہ روس پر روانہ،کل پیوٹن سے بالمشافہ ملاقات ہو گی

وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو  روانہ ہوگئے، ائیر پورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ کریں گے۔

24 فروری کو وزیر اعظم عمران خان کی روس کے صدر ولادیمیر  پیوٹن سے بالمشافہ ملاقات ہوگی، دورے کی لمحہ بہ لمحہ کوریج کیلئے جیو نیوز کی ٹیم ماسکو میں موجود ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ روس تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ عمران خان دو دہائیوں بعد روس کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی خصوصی دعوت پر روس کے 2 روزہ تاریخی سرکاری دورے پر  روانہ ہوئے ہیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، چوہدری فواد حسین، اسد عمر، حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور  روس کے صدر پیوٹن کے مابین ملاقات اس دورے کا اہم ترین جزو ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان ماسکو میں روس کی سب سے بڑی مسجد و اسلامک سینٹر کا دورہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے اہم روسی قیادت بشمول نائب وزیر اعظم، روسی سرمایہ کار اور تاجر بھی ملاقاتیں کریں گے۔

صدر پیوٹن سے ملاقات میں وزیر اعظم بین الاقوامی اور خطے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقات میں روس پاکستان تعلقات خصوصاً توانائی کے شعبے پر بات چیت ہوگی۔

اس کے علاوہ اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور آئےگی۔