اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مذاکرات ختم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ 35 پنکچر کے الزامات سے لے کر فارم 47 تک تمام معاملات جوڈیشل کمیشن میں شامل کیے جائیں، اور اگر حکومت آج جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان نہ کرے تو مذاکرات مزید جاری نہیں رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک ہے کہ حکومت کی جانب سے اب تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کرنے کا دوٹوک فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تجویز ہے کہ جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے تین سینئر ججز پر مشتمل ہونا چاہیے تاکہ تمام معاملات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ممکن ہو سکیں۔