اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل کا مسودہ تیار کر لیا ہے، جو اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ شیئر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ اپیل کا مسودہ عمران خان سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے، جو 20 صفحات پر مشتمل ہے۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں 24 سے 48 گھنٹوں میں عدالت میں دائر کر دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے برطانوی عدالت کے فیصلے اور این سی اے کی پروسیڈنگز کو اپیل کا حصہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس بھی جلد نمٹنے کی امید ہے کیونکہ اس کیس کے شواہد اور فیصلے مختلف سمت میں جا رہے ہیں، جس طرح سائفر کیس کمزور تھا ویسا ہی یہ کیس بھی ہے۔
پس منظر:
17 جنوری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں عمران خان کو 14 سال قید اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس کے علاوہ، عمران خان پر 10 لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جو عدم ادائیگی کی صورت میں ان کی قید میں بالترتیب 6 اور 3 ماہ کا اضافہ کر دے گا۔ عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا بھی حکم دیا۔