وفاقی وزیر داخلہ کی سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی تجویز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ سندھ میں فوری طور پر گورنر راج لگادیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو کہا ہے کہ سندھ نے ارکان کی جو خرید و فروخت کی ہے، جس طرح لوگوں کے ضمیر خریدنے کے لیے پیسوں کا بے دریخ استعمال کیا گیا ہے اس پر میں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سندھ میں گورنر راج لگادیں۔

انہوں نے کہا پیسوں کے ذریعے لوگوں کے ضمیروں کو خریدنا جہموریت کے خلاف سازش ہے، جو رکن اسمبلی اپنی مرضی سے ووٹ دینا چاہتا ہے وہ ووٹ دے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہم سندھ ہاؤس میں کارروائی کرنے نہیں جارہے، حکومت کے خلاف سندھ ہاؤس میں جانے والے لوگ بے نقاب ہوگئے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں لاکھوں لوگوں کا سمندر موجود ہوگا.

صحافی کی جانب سے پوچھے جانے پر کہ آئین اور قانون کے تحت کیا وزیراعظم سندھ میں ایمرجنسی نافذ کرسکتے ہیں، جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سندھ میں ایمرجنسی نافذ کرسکتے ہیں، اب یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ صوبے میں گورنر راج لگاتے ہیں یا نہیں، لیکن میں سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی اپنی تجویز اعظم کو دے کر آگیا ہوں۔