وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ

وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ  وزیر خارجہ بلاول بھٹو ، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور شاہ زین بگٹی بھی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وزیراعظم سعودی ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 3 روزہ دورے پر سعودی عرب گئے ہیں۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے، دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری جیسے تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

ملاقات میں دونوں فریقین باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم دورے میں مجموعی طورپر ساڑھے 7 ارب ڈالر کے پیکج پربات کریں گے اور سعودی عرب سے رواں سال کے آخرتک4 ارب ڈالرکی ادائیگیاں مؤخرکرنے کی درخواست کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سیف ڈپازٹ کے طورپرمزید2 ارب ڈالرپاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھوانے کی درخواست کریں گے جب کہ مؤخر ادائیگیوں پرتیل کی فراہمی ایک ارب ڈالرسے بڑھا کر 2 ارب ڈالرکرنے کی درخواست کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں