نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابی مراحل مکمل ہونے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا جب کہ وہ ملک کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے 8 جون کو حلف اٹھائیں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جنرل الیکشن میں 292 نشستیں حاصل کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی کا انتخابی اتحاد حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگیا۔ ملک کے نئے وزیراعظم نریندر مودی ہوں گے۔نریندر مودی مسلسل تیسری بار وزیراعظم کا حلف ا±ٹھانے جا رہے ہیں اور آنجہانی جواہر لال نہرو کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے رہنما بن جائیں گے۔حلف برداری کی تاریخ کا سرکاری سطح پر اعلان نہیں ہوا ہے تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس اہم دن کے لیے 8 جون کی تاریخ طے کرلی گئی ہے۔آئین کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے الیکشن کے نتائج کے بعد نریندر مودی نے نے ملکی صدر کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ جسے بھارتی خاتون صدر دروپدی مرمو نے منظور کرلیا۔صدر دروپدی مرمو کی ہدایت پر وزیراعظم نریندر مودی اگلی حکومت کی تشکیل تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔نریندر مودی نے نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے صلاح مشورے شروع کردیئے۔