تھائی۔تھائی لینڈ میں LGBTQ+ جوڑوں کو شادی کی اجازت دینے والے قانون کے نفاذ کے پہلے ہی دن سیکڑوں ہم جنس پرستوں نے اپنی شادیاں رجسٹر کروائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس قانون کو تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے گزشتہ برس منظور کیا تھا، جس کے بعد ملک کے بادشاہ نے اس کی توثیق کی تھی۔
قانون کے تحت ہم جنس پرست جوڑوں کو مکمل قانونی، مالی، اور طبی حقوق فراہم کیے گئے ہیں، جن میں بچہ گود لینے اور وراثت کے حقوق بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی شادیاں رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
وزیراعظم پیٹونگٹرن شیناواترا نے کہا کہ شادی کے مساوی حقوق کا یہ قانون تھائی معاشرے میں صنفی تنوع اور قبولیت کے سفر کا ایک نیا آغاز ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہر فرد، چاہے اس کا جنسی رجحان، نسل یا مذہب کچھ بھی ہو، شادی اور بچے گود لینے کے برابر حقوق کا مستحق ہے اور اسے معاشرے میں یکساں عزت دی جانی چاہیے۔
قانون کے نافذ ہونے کے بعد آج بڑی تعداد میں ہم جنس پرست جوڑوں نے اجتماعی تقریب میں اپنی شادیوں کا اندراج کروایا۔ رجسٹریشن دفاتر میں جوڑوں کا رش دیکھنے میں آیا۔
شادیاں رجسٹر کروانے والے کئی ہم جنس پرست جوڑوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری زندگی کا سب سے یادگار اور خوشیوں بھرا دن ہے۔