آزادکشمیر کی سیاسی و دینی قیادت کی آل پارٹیز کانفرنس، بھارتی سازشوں کے خلاف یکجہتی اور عوامی رابطہ مہم کے آغاز کا اعلان

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں آزادکشمیر کی تمام بڑی سیاسی و دینی جماعتوں کے قائدین، سابق صدور و وزرائے اعظم اور حکومتی وزراء نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد بھارتی سازشوں کا توڑ اور تحریک آزادی کشمیر کو نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھانا تھا۔آل پارٹیز کانفرنس میں سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب، سابق وزرائے اعظم راجہ فاروق حیدر، سردار عتیق احمد خان، مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری یاسین، سردار تنویر الیاس، سردار حسن ابراہیم، مجلس وحدت المسلمین آزادکشمیر کے سید یاسر سبزواری، دانیال شہاب مدنی سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر حکومتی وزراء کرنل (ر) وقار نور، فیصل ممتاز، یاسر سلطان اور عامر الطاف بھی موجود تھے۔اجلاس کے اختتام پر متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ بنیان المرصوص اور معرکہ حق کی تاریخی کامیابی نے بھارت کو شدید بوکھلاہٹ میں مبتلا کر دیا ہے، تحریک آزادی کشمیر کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی منظرنامے میں نئی جلا ملی ہے۔ اعلامیے میں بھارت پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ آزادکشمیر کو بلوچستان طرز پر غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم تمام سیاسی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارتی عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔راجہ فاروق حیدر نے اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی سائفر بھی لہرایا اور کہا کہ یہ آزادکشمیر کے خلاف بھارت کی سازشوں کا کھلا ثبوت ہے۔ دیگر رہنماؤں نے سائفر کو تشویشناک اور الارمنگ صورتحال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت آزادکشمیر کے بیس کیمپ کو نشانہ بنا رہا ہے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی سب سے بڑا آئینی فورم ہے، عوام کو چاہیے کہ شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں۔

پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے کہا کہ سائفر کے منظرعام پر آنے سے بھارت کے ملوث ہونے کا کھلا اعتراف سامنے آگیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ ریاست کے تشخص پر سب متحد ہیں اور عوامی رابطہ مہم مل کر چلائی جائے گی۔اعلامیے میں اعلان کیا گیا کہ 21 ستمبر سے عوامی رابطہ مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ پہلا جلسہ راولاکوٹ اور دوسرا 22 ستمبر کو باغ میں منعقد کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں عوامی مسائل کے حل اور تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گی۔

مجلس وحدت المسلمین آزادکشمیر کے رہنما سید یاسر سبزواری نے اے پی سی اعلامیے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اسی طرح شکست دی جائے گی جس طرح بنیان المرصوص میں دی گئی۔ دانیال شہاب مدنی نے کہا کہ آزادکشمیر کو کسی صورت غیر ملکی ایجنڈے کا حصہ نہیں بننے دیا جائے گا۔اجلاس میں تمام جماعتوں نے بھارتی سازشوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حالات خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور ریاست پاکستان کے لیے ہم سب ایک ہیں، عوام فیصلہ خود کریں گے۔