وزیر اعظم عمران خان کو عوامی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور انہیں کم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں- اعجاز احمد شاہ

ننکانہ صاحب :(سی این پی) انسداد منشیات کے وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ پر پوری قوم افسردہ ہے،واقعہ میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،اپوزیشن کو پارلیمنٹ کے اندر جمہوری طرز عمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے، حکومت کو عوامی مشکلات کا اندازہ ہے،مہنگائی پر بہت جلد قابو پا لیا جا ئے گا،ننکانہ صاحب میں انڈسٹریل زون کے قیام سے علاقہ ترقی کرے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہ کرونا سے پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے پوری دنیا میں اشیاء مہنگی ہوئی ہیں،وزیر اعظم عمران خان کو عوامی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور انہیں کم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے اپنی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد اسے پاکستان بھیجا اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے بہیمانہ قتل پر پوری قوم افسردہ ہے،وزیر اعظم عمران خان خود صورتحال چیک کر رہے ہیں واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو سزا دلوائی جائے گی،اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ عالمی اہمیت کے حامل شہر ننکانہ صاحب میں بہت جلد 200ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے بعد علاقے میں ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،فیکٹریاں اور کارخانے لگنے سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،اس سے قبل وفاقی وزیر نے نئے تعمیر ہونے والے کھیاڑے کلاں موڑ کھنڈا بائی پاس،چوکھیانوالہ سے کوٹ دیوان سنگھ روڈ،گلر والا سے پکا قلعہ روڈ اورموڑ کھنڈا سے ہیڈبلوکی روڈکا افتتاح کیا،ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ اور دیگر حکام کی طرف سے وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ کو مکمل ہونے اور نئے شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی،وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر سے علاقے کے درجنوں دیہات کے ہزارو ں افراد کو آمد و رفت اور اپنی اجناس منڈیوں تک لانے میں آسانی ہو گی،وفاقی وزیر نے نئے شروع ہونے والے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدائیت کی۔