حکومت خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کے احساس محرومی کو ختم کرنے کے لئے کوشاں ہے:خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی

اسلام آباد(سی این پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کے احساس محرومی کو ختم کرنے کے لئے کوشاں ہے ، خصوصی افراد معاشرے کے کارآمد شہری بن سکتے ہیں ،خصوصی افراد کو معاشرے میں باوقار مقام دلانے کے لئے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ، فلاحی ریاست کے وژن کے تحت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم عمل ہے۔ہفتے کو یہاں خصوصی افراد کے قومی دن کی مناسبت سے جسمانی طور پر معذور افراد کی بحالی کے لئے قائم ایسوسی ایشن (اے آر پی ڈی ) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاتون اول نے کہاکہ ہم پاکستان کو ایک ایسا جامع معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جہاں خصوصی افراد سمیت معاشرے کے تمام طبقوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں ، صدر مملکت اور میری یہ کوشش ہے کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے اور ان کی نقل و حمل اور بہتر حالات کے لئے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ خصوصی افراد کے احساس محرومی کو ختم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ خصوصی افراد کو معاشی طور پر خود مختار بنانا اوراس کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی بہت ضروری ہے ، خصوصی افراد کے لئے جو ادارے قائم ہیں انہیں اپ گریڈ کرنا چاہئے ۔ اسی طرح وہ خصوصی افراد جو ناخواندہ ہیں ان کے لئے پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی اور اس نوعیت کے پروگرام شروع کرنا ضروری ہے ۔ صدر مملکت نے عمارات میں خصوصی افراد کے لئے سہولیات کی فراہمی کے ضمن میں تمام متعلقہ شراکتداروں کو ہدایات جاری کی ہیں ، پارلیمنٹ ہائوس میں خصوصی افراد کے لئے ریمپس بنائے گئے ہیں ، جن عمارات میں یہ سہولیات نہیں ہیں ان میں سہولیات کی فراہمی کے لئے کامسیٹس کے ایک آرکیٹکٹ سے ڈیزائن فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے ، ایئرپورٹس ، اڈوں اور پارکنگ میں بھی اس طرح کی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات ہو رہے ہیں ۔بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ خصوصی افراد کے لئے قوانین پر عملدرآمد ہونا چاہئے ، یہ بات خوش آئند ہے کہ خصوصی افراد کو قرضوں کی فراہمی کے لئے بینکوں نے سکیم شروع کی ہے اور اس سلسلے میں پالیسی بھی بنائی گئی ہے ، خصوصی افراد کو قرضے بھی مل رہے ہیں تاہم اس کی شرح کم ہے کیونکہ بہت کم لوگوں کو اس کے بارے میں علم ہے ۔ خصوصی افراد کے لئے 4ہزار کے قریب بینکوں میں ریمپس بھی بنائے گئے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان نے خصوصی افراد کے لئے 2ہزار روپے ماہانہ کی امداد کا سلسلہ پہلے سے شروع کیا ہے اور صرف 4لاکھ خصوصی افراد اس سے استفادہ کر رہے ہیں ، رجسٹریشن کے عمل کو سادہ اور آسان بنانے سے اس تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے ، بلوچستان میں اب سکولوں میں خصوصی بچوں کی رجسٹریشن ہو رہی ہے ، اس کے علاوہ ملازمت کے لئے معمولی معذوری کے شکار افراد کی فٹنس کے معیار کے ضمن میں عالمی ادارہ صحت کے ساتھ بھی ہماری بات چیت چل رہی ہے ۔ خاتون اول نے کہاکہ بطور معاشرہ ہماری یہ کوشش ہونی چاہئے کہ معذوری کو مجبوری نہ سمجھا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت وسائل کے اندر رہتے ہوئے خصوصی افراد کے لئے کام کر رہی ہے ، خصوصی افراد کے لئے قائم تنظیموں اور این جی ا وز کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ دیہی علاقوں میں معذور خواتین کو تربیت کی فراہمی کے لئے کام ہونا چاہئے ، اس حوالے سے کئی فائونڈیشن کام کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد کو بااختیار اور باہنر بنانے سے نہ صرف یہ افراد معاشرے کے مفید شہری بن سکتے ہیں بلکہ اس سے ملکی معیشت پر بھی انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ خصوصی افراد میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے تاہم انہیں زیادہ مواقع حاصل نہیں ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ خصوصی افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں ، وفاق اور پنجاب میں اس حوالے سے قانون سازی ہو رہی ہے ۔ پنجاب کے صوبائی وزیر یاور بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیگم ثمینہ علوی خصوصی افراد ، چھاتی کے سرطان اور سماجی بہبود کے دیگر شعبوں میں جس طرح اپنا کردار ادا کررہی ہیں وہ خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں خصوصی افراد کے لئے قانون سازی ہو رہی ہے ۔ تقریب سے ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن انجم انور اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ عاصم آفندی نے بھی خطاب کیا