جعلی فائلوں کی پرنٹنگ کے حوالے سے کنگڈم ویلی انتظامیہ کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درج کرائے گئے مقدمہ میں پولیس کی بہتر تفتیش کے نتیجے میں بیسٹ مارکیٹنگ کے مالک راجہ مدثر ، راجہ آصف لطیف اور یونس کی ضمانتیں خارج

اسلام آباد(سی این پی) جعلی فائلوں کی پرنٹنگ کے حوالے سے کنگڈم ویلی انتظامیہ کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درج کرائے گئے مقدمہ میں پولیس کی بہتر تفتیش کے نتیجے میں بیسٹ مارکیٹنگ کے مالک راجہ مدثر ، راجہ آصف لطیف اور یونس کی ضمانتیں خارج کر دیں، عدالت میں مزاحمت کے باعث بیسٹ مارکیٹنگ کا مالک راجہ مدثر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ راجہ آصف اور یونس کو پولیس نے گرفتار کر لیا، کنگڈم ویلی کے انتظامی افسر قسور عباس کی جانب سے تھانہ کوہسار میں جعلی فائلوں کی پرنٹنگ کے حوالے سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں عبوری ضمانت حاصل کرنے والے ملزمان کی درخواست ضمانت کی ایڈیشنل سیشن جج شیخ سہیل کی عدالت میں سماعت کی گئی، تفتیشی افسر نصر اللہ نے معزز عدالت کو ملزمان کے ملوث ہونے کے حوالے سے تفتیشی نکات اور شواہد بتائے، معزز عدالت نے بیسٹ مارکیٹنگ کے مالک راجہ مدثر، راجہ آصف لطیف اور یونس کی درخواست ضمانتیں خارج کر دیں، عدالت میں ہونیوالی مزاحمت کا فائدہ اٹھا کر راجہ مدثر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا جبکہ دیگر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جس پر عدالت نے 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، نیز یہ کہ این او سی نہ ہونے اور دیگر قواعد و ضوابط پورے نہ کرنے کے باوجود پلاٹوں کی بکنگ، تشہیر کرنے کے الزام میں دو روز قبل راولپنڈی کے مقامی تھانے میں بھی آر ڈی اے کے افسر کی درخواست پر مقدمہ درج ہو چکا ہے۔