مشیر خزانہ شوکت ترین خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب

پشاور: (سی این پی) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین کو خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب کر لیا گیا۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا کی اسمبلی میں ہونے والے الیکشن کے دوران مشیر خزانہ شوکت ترین نے 87 ووٹ حاصل کیے۔ اے این پی کے شوکت امیر زادہ کو 13، جے یو آئی کے اظہر خان کو بھی 13 ووٹ ملے جبکہ 122 ارکان نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ شوکت ترین نے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلی مرتبہ سینیٹر نہیں بنا بلکہ اس سے پہلے بھی بن چکا ہوں، اس سے قبل جب میں بنا تھا تو اس وقت میں وزیر خزانہ تھا اور ساتواں این ایف سی ایوارڈ 19سال بعد دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں بطور وزیر خزانہ ہر مہینے صوبے میں آیا کروں گا اور خیبر پختونخوا کے جو بھی مالی اور اقتصادی مسائل ہیں ان کو حل کرنے کی کوشش کروں گا۔