امریکی خاتون کےخلاف ہتک آمیز پوسٹ لگا نےکی ملزمہ عدالت سے فرار،عدالت نےملزمہ ماریہ اورکزئی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔گرفتاری کے لیے چھاپے

اسلام آباد (سی این پی)اسپیشل جج سینٹرل (ایف آئی اے کی خصوصی عدالت) راجہ آصف محمود نے منگل کو پاکستانی نژاد امریکی خاتون کے خلاف سوشل میڈیا پر ہتک آمیز اور تضحیک آمیز ریمارکس پوسٹ کرنے میں ملوث خاتون کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔تاہم ملزمہ خاتون جس کی شناخت ماریہ اورکزئی کے نام سے ہوئی کمرہ عدالت سے فرار ہوگئی۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد زون کے تفتیش کاروں نے ملزمہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے۔تفصیلات کے مطابق سپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود نے ماریہ اورکزئی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔متاثرہ خاتون سبین کے وکیل خرم محمود قریشی ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ماریہ اورکزئی نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر کے ساتھ تضحیک آمیز اور توہین آمیز تبصرے کرکے ان کی موکلہ کی گھریلو زندگی تباہ کردی۔ ایف آئی اے کے تفتیش کاروں نے بھی تفتیش کے دوران اس (ماریہ) کو مجرم قرار دیا۔استغاثہ کے دلائل کی مخالفت کرتے ہوئے، وکیل دفاع نے کہا کہ ان کی موکلہ بے قصور ہے اور اس نے متاثرہ خاتون سے معافی مانگی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی موکلہ حاملہ ہے اس لیے اسے ضمانت ملنی چاہیے۔عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کردی تاہم ملزمہ فرار ہوگئی۔