پاک فضائیہ کا تربیتی مشاق طیارہ حادثہ کا شکار

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی مشاق طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا تاہم طیارے میں موجود دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیارے نے مردان کے قریب کھیتوں میں ہنگامی لینڈنگ کی، حادثے کا شکار طیارہ پاک فضائیہ کا سپر مشاق تربیتی جہاز تھا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2022 میں بھی پشاور کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران پشاور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور دونوں پائلٹ شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے تھے تاہم زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں پنجاب کے ضلع اٹک کے نزدیک پاک فضائیہ کا تربیتی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس دوران حادثہ پیش آیا تاہم دونوں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے تھے اور زمین پر بھی کسی قسم کا نقصان رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

اس سے قبل ستمبر 2020 میں بھی اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان ایئر فورس کے تربیتی طیارے گرنے کے چند واقعات ماضی قریب میں پیش آئے ہیں جن میں ہوا بازوں نے جامِ شہادت بھی نوش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں