اسلام آباد(سی این پی)شہریوں کو حبس بے جا میں رکھنے اور ان سے 10لاکھ روپے بھتہ لینے پر چار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج، ایک ملزم گرفتار، تین ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جار ہے ہیں جن کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا،اسلام آباد پولیس میں کڑے احتساب کا عمل جاری رہے گا اور ایسے جرائم کے ارتکاب میں ملوث اہلکاروں کو مثالی سزائیں دی جائیں گی، آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس تفصیلات کے مطابق شہری عرفان اللہ نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کی کھلی کچہری میں پیش ہو کر درخواست دی کہ وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ مری جانے کے لئے سنگجانی ٹول پلازہ سے گزر رہے تھے کہ تین بندے جو پولیس کی وردی میں ملبوس تھے بغیر نمبر پلیٹ کالے شیشے والی گاڑی میں آئے اور ہماری گاڑی کو روک کر ہمارے ہاتھ پاﺅں باندھ دئیے اورآنکھوں پر پٹی باندھ کر ہمیں ساتھ لے گئے اور کہا کہ آپ پر ایف آئی آر دیں گے،ملزمان نے ہمیں 13دسمبر 2021سے 15دسمبر 2021تک سیکٹر جی پندرہ ایک فلیٹ میں رکھا اور تشدد کرتے رہے اور 10لاکھ روپے بھتہ کی ڈیمانڈ کی ، جس پر ہم نے اپنی جان چھڑوانے کے لئے ایک دوست کے ذریعے ملزمان کو پشاور میں 10لاکھ روپے بھتہ دیا جس پر ملزمان نے ہمیں 15دسمبر کی رات کو کشمیر ہائی پر چھوڑدیا۔´
آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے شہری کی درخواست پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر تھانہ ترنول پولیس نے ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ نمبر 82/22بجرم 382/342ت پ درج کر کے تفتیش عمل میں لائی۔ تھانہ ترنول پولیس نے اس واقعہ میں ملوث چاروں ملزمان کو ٹریس کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ تین ملزمان روپوش ہیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے ہدایت دی ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد از جلد گرفتارکیاجائے ، اسلام آباد پولیس میں احتساب کا کڑا عمل جاری ہے ، ایسی کالی بھیڑیں جو محکمہ پولیس جیسے مقدس پیشے کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں انہیں سخت محکمانہ اور قانونی سزاوں کا سامنا کرنا پڑے گااور ایسے اہلکاروں کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔