وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کی صدارت میں پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن ( پی ایچ اے ایف ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس کے دوران مختلف ایجنڈے زیر غور آئے۔ بورڈ ممبران نے محکمہ کے مختلف جاری اور رکے ہوئے منصوبوں سے متعلق مختلف امور اور معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
بورڈ کو پی ایچ اے ایف کے مکمل اور جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کو پی ایچ اے ایف ریزیڈنشیا ہاوسنگ پروجیکٹ پشاور دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں بتایاگیاکہ کنسلٹنٹ نے اس سلسلے میں فضائی سروے مکمل کر لیا ہے او پی سی -1 کو حتمی شکل دینے کے قریب ہے۔ وزیر ہاوسنگ نے ایم ڈی پی ایچ اے ایف کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کچلاک روڈ پراجیکٹ کوئٹہ میں ترقیاتی کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ معیار پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ اجلاس میں وزارت ہاوسنگ، پی ایچ اے ایف، ڈی جی ایف جی ای ایچ اے، وزارت خزانہ اور دیگر محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔