اسلام آباد (سی این پی)ایف آئی اے اسلام آباد میں سنٹرل بورڈ آف ریونیو ہاﺅسنگ سوسائٹی (سی بی آرٹاﺅن) کے صدر اور دیگر عہدیداروں کے خلاف سات عدد پلاٹس خردبرد کرنے کے خلاف مقدمہ کےلئے درخواست۔ ڈائریکٹر اسلام آباد نے درخواست ڈائری کرتے ہوئے الطاف بٹ اور دیگر کے خلاف کارپوریٹ کرائم سرکل کو تفتیش کا حکم دے دیا۔ یاسر خان نامی شخص نے ایف آئی اے اسلام آباد زون کو درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ اس نے سات عدد پلاٹس ایک ایک کنال کے گل علی ولد شیر علی سے خرید لئے جو کہ اس نے 2012ءمیں خرید کئے تھے۔فروخت کنندہ نے 19 نومبر2021ءکو سوسائٹی انتظامیہ کے سامنے تمام دستاویزات اور دیگر کاغذات اپنا بیان ریکارڈ کروا کر فائلیں اوپن بھی کرادیں جس کے بعد سوسائٹی انتظامیہ پلاٹس اس کے نام ٹرانسفر کرنے کی پابند تھی لیکن الطاف بٹ جو کہ عرصہ دراز سے سوسائٹی کا صدر چلا آرہا ہے، نے آفس انتظامیہ کو کہہ کر ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے پلاٹس ٹرانسفر نہیں کئے بلکہ اپنے ہی بعض پراپرٹی ڈیلرز جو سی بی آر ٹاﺅن فیزٹو کے اندر پراپرٹی کے دفاتر بنا کر کاروبار کر رہے ہیں، اس سے یہ پلاٹس اونے پونے داموں فروخت کرنے کےلئے دباﺅ ڈالنا شروع کردیا۔ درخواست میں ایک سنگین الزام لگایا گیا ہے کہ پلاٹ نمبر26، گلی نمبر A-1 بلاکA، سائز 50×90 جس کی مالیت75 لاکھ سے زائد ہے الطاف بٹ، رانا لیاقت لینڈ پرووائیڈر اور جنرل منیجر شبیر نے ملی بھگت کرتے ہوئے جعل سازی سے رانا لیاقت کے نام ٹرانسفر کرلیا ہے جو سراسر دھوکہ دہی اور فراڈ ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون وقار چوہان نے کارپوریٹ کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔