وفاقی حکومت کے ملازمین اور عوام الناس کو جدید رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کےلئے اپنے دائرہ اختیار میں سب کچھ کروں گا: مولانا عبدالواسع

وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے آج یہاں لائف اسٹائل ریذیڈنسی اپارٹمنٹس ( ای ایچ ایف پی آر او ) سیکٹر G-13 کے اپارٹمنٹس الاٹیوں کو دینے کا آغاز کیااس ضمن میں اپارٹمنٹس کے الاٹیوں کو قبضہ دینے کے لیے آج ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزیر ہاوسنگ مولانا عبدالواسع اور وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے اے کیٹیگری کے اپارٹمنٹس کے 30 سے زائد الاٹیوں کو قبضہ دے دیا۔
وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طویل انتظار کے منصوبے کی کامیابی سے تکمیل پر الاٹیوں کو مبارکباد پیش کی اور اعلان کیا کہ باقی ماندہ اپارٹمنٹس کا قبضہ بھی جلد الاٹیوں کے حوالے کر دیا جائے گا اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ وفاقی حکومت کے ملازمین اور عام لوگوں کو جدید رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ دارالحکومت کے رہائشیوں کو محفوظ، او رتحفظ کا حامل بند ماحول فراہم کرے گا۔ وزیر ہاوسنگ نے درپیش مشکل حالات میں منصوبے کی تکمیل پر سیکرٹری ہاوسنگ افتخار علی شلوانی اور ڈی جی ایف جی ای ایچ اے طارق رشید کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے کہا کہ اگرچہ آج کی افتتاحی تقریب منصوبے کے ایک چھوٹے سے حصے کی تکمیل کی نشاندہی کرتی ہے لیکن اس سے پیشرفت کی رفتار تیز ہو جائے گی اور منصوبوں کے دیگر حصوں کا بھی جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کا کمرشل زون بھی مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایف جی ای ایچ اے نے وفاقی حکومت کے ملازمین اور عام لوگوں کو کم لاگت اور جدید رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نجی و سرکاری شعبہ کی شراکت کے مشترکہ منصوبے کے ذریعے 10.10 ایکڑ کے پلاٹ پر گراونڈ + 16 منزلہ ہائی رائز اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لیے یہ سکیم شروع کی جبکہ گراو¿نڈ + 5.27 ایکڑ پلاٹ پر 17 منزلہ اپارٹمنٹس، دونوں فیزز میں تین تہہ خانے بھی ہیں۔ پروجیکٹ میں 33 اسٹوڈیو اپارٹمنٹس بھی شامل ہیں، جنہیں حال ہی میں انوینٹری میں شامل کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 3273 اپارٹمنٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں جن میں سے وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے تمام زمروں میں 2383مختص کیے گئے ہیں جبکہ 890 جنرل پبلک ( جی پی ) کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔