لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 14 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق دبئی جانے والے مسافر عمران ارشاد اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل پر پہنچے جن میں سے ایک مسافر ویل چیئر پر تھا، ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے سامان کی اسکیننگ کے دوران ویل چیئر اور بیگز کو مشکوک قرار دیا۔
حکام کے مطابق چیکنگ کے دوران ویل چیئر کی سیٹ اور بیگز میں مہارت سے چھپائی گئی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ سامان سے مجموعی طور پر 84 ہزار امریکی ڈالر اور 4 لاکھ 65 ہزار پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ضبط کی گئی کرنسی کی مالیت 14 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔