حماد اظہر نے گلگت بلتستان میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کو آپریشنل کرنے کیلئے 6 ماہ کی ڈیڈ لائن دیدی

اسلام آباد (سی این پی)وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے گلگت بلتستان میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کو 6 ماہ میں آپریشنل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی منگل کو یہاں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے ملاقات کی۔اس موقع پر
وزیر توانائی نے گلگت میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کو چھ ماہ کے اندر آپریشنل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا کی جانب سے تعمیراتی لائسنس میں توسیع کے بعد، ایس این جی پی ایل پلانٹ سے گیس کی سپلائی چھ ماہ میں شروع کر دی جائے
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی درخواست پر وزیر توانائی حماد اظہر نے گلگت بلتستان کے لیے ایل پی جی سپلا ئی بڑھانے پر اتفاق کیا اور کہا کہ اس سے جی بی میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کم کرنے میں مدد ملے گی اور گلگت بلتستان کے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے گلگت بلتستان میں پاور سیکٹر کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ خطے کا قومی گرڈ کے ساتھ رابطہ یقینی بنایا جا سکے۔ اس سے بجلی کی فراہمی میں انقلاب آئے گا اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گلگت بلتستان کے سیاحتی شعبے کو فروغ ملے گا۔وفاقی وزیر نے OGDCL اور پا کستان پٹرولیم لمیٹیڈ (PPL) حکام پر زور دیا کہ وہ اپنے کمیونٹی سماجی ذمہ داری (CSR) منصوبوں کے تحت گلگت بلتستان میں کم آ مدنی والے گھروں کی سولرائزیشن شروع کرے
وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں کی گئی اصلاحات کو سراہا اور ان کی سفارشات پر مثبت جواب دینے پر وزیر توانائی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےگلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کے لیے وفاقی وزیر حماد اظہر کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ وزیر توانائی نے گلگت بلتستان کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ گلگت بلتستان کی ترقی ملکی سیاحت کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریگی انہوں نے وزارت توانائی کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے توانائی کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے سے توانائی کے شعبے میں مثبت تبدیلی آئے گی اور اس کے سردیوں کے مہینوں میں بھی گلگت بلتستان کی سیاحت پر مثبت اثرات دیکھنے کو ملیں گے۔۔۔۔۔۔۔