اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے پیکا قانون میں آرڈیننس کے ذریعے ترمیم کو عدالت میں چیلنج کردیا

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے پیکا قانون میں آرڈیننس کے ذریعے ترمیم کی مذمت کرتے ہوئےآرڈیننس کو کالا قانون قرار دے دیا۔صدربار ایسوسی ایشن زاہدمحمود راجہ کے مطابق اس ضمن میں بار اجلاس کے دوران قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہاگیاکہ آرڈیننس کے ذریعے پیکا قانون میں ترمیم صدر پاکستان اور وفاقی وزیر قانون کے طاقت کے استعمال کا نمونہ ہے،اس کالے قانون کو آرڈیننس کے ذریعے لانے کیلئے پارلیمنٹ کا سیشن ملتوی ہونے کا انتظار کیا گیا،ان ظالمانہ ترامیم کی بدولت صاحب اختیار مقدس گائیں کسی بھی شخص کے ذریعے تنقید کرنے والے پر مقدمہ درج کرا سکیں گی،آئین پاکستان ناگزیر ہنگامی صورتحال میں صدر مملکت کو آرڈیننس جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے،پیکا قانون میں ترمیم کیلئے کوئی ہنگامی صورتحال درپیش نہیں تھی، پھر بھی آرڈیننس جاری کیا گیا،پیکا قانون میں ترمیم آئین پاکستان میں دیئے گئے آزادی اظہار رائے کے حق کو روندتی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملک بھر کی تمام ایسوسی ایشنز کو اس ترمیم کی مذمت کرنے کی تلقین کرتی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ قانون سازی میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔