ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے بھی پیکا آرڈیننس کیخلاف الگ الگ درخواستیں عدالت میں دائر کردیں

اسلام آباد(سی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن)نے بھی پیکا آرڈیننس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کردیں، پیپلزپارٹی کی طرف سے فرحت اللہ بابر جبکہ ن لیگ کی جانب سے مریم اورنگزیب نے درخواست جمع کرائی، بعد ازاں میڈیا اے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ آئین کے مطابق معلومات اور اظہار آزادی کا حق ہر شخص کو حاصل ہے،عمران خان کی حکومت فاشسٹ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،حکومت پارلیمان کو تالہ لگانے کی کوششیں کررہی ہے، حکومت کو آرڈیننس کی فیکٹری بھی قرار دیتےہوئےمریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون ہر شخص کو اظہار آزادی اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے مگر عمران خان کی حکومت مخالفین اور میڈیا کی آواز کو دبانے کے لیے آرڈیننسز لارہی ہے،صدارتی آرڈیننس کے ذریعے پیکا قوانین میں ترامیم کو کالاقانون ہے، عمران خان نے سیاسی مخالفین کے لیے نیب کو استعمال کیا اب میڈیا کی آزادی سلب کرنے کے لیے ایف آئی اے کو استعمال کیا جارہا ہے،لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ حکومت کے ہر کالے کالے قوانین کا مسلم لیگ ن عدالتوں میں مقابلہ کرے گی۔