او جی ڈی سی ایل ، آئی پی آر آئی میں انڈومنٹ چیئر اکنامک سکیورٹی کا معاہدہ

اسلام آباد(خبر نگار) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اوراسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مابین انڈومنٹ آف اکنامک سکیورٹی چیئر کیلئے اشتراک کا معاہدہ طے پا گیا۔ تقریب میں او جی ڈی سی ایل بورڈ کے چیئرمین اور بینک آف پنجاب کے سی ای او ظفر مسعود ، او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی/سی ای او احمد حیات لک اور انڈسٹری کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔

آئی پی آر آئی میں انڈوومنٹ آف اکنامک سکیورٹی چیئر 3 سال کی مدت کیلئے ہے اور اسے ’’او جی ڈی سی ایل – آئی پی آر آئی چیئر‘‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ یہ اشتراک کارپوریٹ سیکٹر اور اکیڈمی کے درمیان تعامل کی بہترین مثال ہے۔ اس کا تحقیقی پورٹ فولیو ان موضوعات کا احاطہ کیاجائے گا، پاکستان میں سرکلر اکانومی اور گرین انٹرپرینیورشپ، تیل اور گیس ویلیو چین کی ڈی کاربنائزیشن؛ ماحولیاتی سماجی گورننس: پاکستان میں کارپوریٹ گورننس کا نیا دور؛ تیل پر منحصر معیشتوں میں قابل تجدید توانائی کے متبادلات کی اقتصادی قابل عملیت؛ شیل گیس کی ترقی کے اقتصادی اثرات؛ اور ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای پی)، موسمیاتی تبدیلی، افراط زر کے رجحانات اور کان کنی۔چیئرمین او جی ڈی سی ایل نے آئی پی آر آئی پر زور دیا کہ وہ توانائی کے شعبے کی درآمدات کو مقامی بنانے کیلئے تحقیق کرے اور سفارشات پیش کرے۔