اسلام آباد ہائیکورٹ کا الیکشن ترمیمی ایکٹ کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار سردار مہتاب کی جانب سے ایڈوکیٹ عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا ایک آرڈیننس کے ذریعے ایکٹ میں ترمیم کی گئی، ایسی کوئی ایمرجنسی نہیں تھی، جب پارلیمنٹ موجود ہے تو ایسی کیا ضرورت پڑی تھی کہ آرڈیننس لایا گیا،الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے پبلک آفس ہولڈرز کو الیکشن مہم میں جانے کی اجازت دی گئی،عدالت نے صدر مملکت کے سیکرٹری، اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے معاونت کی ہدایت کر دی جبکہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 15مارچ تک ملتوی کر دی۔