محمد رفیق تارڑ کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی، شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ سابق صدر مملکت، ہمارے شفیق اور مہربان بزرگ، زیرک قانون دان، انصاف پسند جج اور نہایت اچھے انسان محترم رفیق تارڑ بھی رخصت ہوگئے۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے وہ ایک قابل احترام بزرگ کا درجہ رکھتے تھے جنہوں نے ہر مرحلے پر نہ صرف ہماری مخلصانہ راہنمائی فرمائی بلکہ اپنی دانش مندی، فہم وفراست اور بردباری سے معاملہ فہمی میں بھی ہمیشہ کلیدی کردار اد ا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ  ان کی وفات ایک ذاتی صدمہ ہے۔ ان کی کمی ہمیشہ ہر قدم پر محسوس ہوتی رہے گی۔ اللہ تعالی تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی سابق صدر کی وفات پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ سابق صدر ، جج اور ہمارے بزرگ محترم رفیق تارڑاللہ تعالی کو پیارے ہوگئے۔ اسلام اور مشرقی اقدار کا پیکر ، چھوٹوں پر شفقت اوربڑوں کا ادب ان کی شخصیت کا خاصہ تھا۔ بہت ملنسار، شفیق اور شگفتہ شخصیت کے مالک تھے۔

انہوں نے کہا کہ رفیق تارڑ کی علم و دانش ، تاریخ ، قانون ا ورسیاست کے امور پر گہری دسترس سے ہمیشہ سب نے فیض پایا، نظریہ پاکستان کی سوچ کا تمام عمر پرچار کرتے رہے۔