محسن بیگ کی درخواست ضمانت، وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل مکمل،پراسیکیوشن کی جانب سے مہلت کی استدعا منظور، سماعت ملتوی

اسلام آباد(سی این پی)انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کی عدالت نے سینئر صحافی محسن بیگ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری میں پراسیکیوشن کی طرف سے دلائل کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران پراسیکیوٹر میاں عامر سلطان گورایئہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ محسن بیگ کے وکیل لطیف کھوسہ سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہو سکے اور معاون وکیل نے عدالت کو بتایاکہ لطیف کھوسہ شاہ رخ جتوئی کیس میں سپریم کورٹ مصروف ہیں کچھ دیر میں پہنچیں گے،عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیاجس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر لطیف کھوسہ عدالت پیش ہوگئے اور ضمانت منظور کرنے کیلئے دلائل دیے جن کے مکمل ہونے پر پراسیکیوشن کی جانب سے دلائل کیلئے مہلت کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی۔یاد رہے کہ محسن بیگ کی طرف سے طبعی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کی گئی ہے اور محسن بیگ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔