تحریک انصاف حکومت کا اپنی نوعیت کا پہلا اوورسیز پاکستانیزکنونشن کل شروع ہوگا

اسلام آباد(سی این پی) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلااوورسیز پاکستانیز کا کنونیشن اتوار سے شروع ہو گا جس میں شرکت کے لیے کئی ممالک سے وفود اسلام آباد پہنچ گئے ، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اس کنونشن کے انعقاد اور اس کے لیے تیاریوں کی ذمہ داری پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کو سونپی گئی جنھوں نے دنیا بھر میں بسنے والے ان پاکستانیوں جو بیرون ملک پی ٹی آئی کے عہدیدار ہیں کو اس کنونیشن میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے

کنونشن تین دن تک جاری رہے گا اور اس میں دوہزار کے قریبی مندوبین کی شرکت متوقع ہے م کنونشن کا اہتمام کنونشن سینٹر میں کیا گیا ہے جس کے اختتامی اجلاس سے وزیر اعظم عمران خان خطاب کریں گے ، تحریک انصاف کی جانب سے اوورسیز پاکستانیز کے اعزاز میںمنعقد ہونے والا دوسرا اور پاکستان میں ہونے والا پہلا کنونشن ہو گا ، اس سے قبل ایسا ہی ایک کنونشن وزیر اعظم عمران خان نے 2019 میں اپنے دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں منعقد کیا تھا جو نہایت کامیاب رہا

اس کنونشن میںبھی بہت بڑی تعداد میں امریکہ بھر میں مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی تھی، کل سے اسلام آباد میں شروع ہونے والے کنونشن کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، کنونشن سینٹر کے ارد گرد کے علاقے کو بڑے بڑے بینرز م ہورڈنگز ، سٹیمرز سے نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے

جو بیرون ملک پی ٹی آئی کی شاخوں کے عہدیداروں کی جانب سے آویزاں کیے گئے ہیں اور اس اشتہاری مہم کے ذریعے پی ٹی آئی کے اوورسیز سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں کی جانب سے اپنے قائد اور پارٹی سے ہی نہیں بلکہ وطن عزیز کے ساتھ والہانہ عقیدت کا اظہار کیا گیا ہے ، واضح رہے کہ اس کنونشن کو ’شکریہ عمران خان ‘ کا عنوان دیا گیا ہے جس کا مقصد وزیر اعظم کی جانب سے اوورسیز پاکستانیز کو پاکستان میں درپیش مسائل کے حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کرنا ، جبکہ اوورسیز پاکستانیز کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور اس سلسلے میں ان کے لیے یہاں سازگاز ماحول فراہم کرنا ہے ، اس سلسلے میں اوورسیز کے وفود کی یہاں متعلقہ وزارتوں اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتوں اور متعلقہ دفاتر کے دوروں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے