ایل این جی ریفرنس،گواہ کا بیان قلمند، شاہد خاقان کی بیرسٹر ظفر اللہ کے آنے تک ٹرائل کا عمل آگے نہ بڑھنے کی درخواست کردی

اسلام آباد(سی این پی)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں گواہ کا بیان قلمبندکرلیاگیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کی حاضری لگائی،اس موقع پر شاہد خاقان عباسی روسٹرم پر آگئے اور کہاکہ عدالت بیرسٹر ظفر اللہ کے آنے تک ٹرائل کا عمل آگے نہ بڑھائے، لیگل معاملات کا تو مجھے علم نہیں ہے، جس پر شریک ملزم کےوکیل نے بھی تائیدکرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کےتحفظات جائز ہیں، ہمیں تو پتاچلا کہ نیب پراسیکیوٹر کی پروموشن ہوگئی ہے، اس پر نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا نے کہاکہ ابھی تو احتساب عدالت میں ہی کیس دیکھ رہا ہوں جس پر کمرہ عدالت میں قہقہہ لگ گیا،عدالت نے ملزمان کی حاضری کے بعد سماعت میں وقفہ کردیا جس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر نیب گواہ محمد علی کا بیان قلمبند کیاگیا اور سماعت22 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔