حکومت اور اپوزیشن جلسے منسوخ کریں،سیاسی حالات اس خطرناک کھیل کے متحمل نہیں،چودھری شجاعت

اسلام آباد(سی این پی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ انہوں نے جن جلسوں کا اعلان کیا ہے ملک کے اعلیٰ ترین مفاد میں وہ فوراً ان کی منسوخی کا اعلان کریں، پاکستان کے موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے، غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے مگر اس وقت حکومت بھی اس کے مقابلے میں جلسے کرنے لگ گئی ہے جو حکومت کا کام نہیں ہے، یہ سیاسی مسابقت ملک میں ایسی سیاسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتی ہے جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے، اگر اس لڑائی میں کوئی مارا گیا یا کسی کو مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے، دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں اور آئین و جمہوریت کی پاسداری کیلئے ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے، ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی خاطر بڑے فیصلے کیے ہیں اور دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کو ترجیح دی ہے۔#